لاہور (اُردولائٹ تازہ ترین خبریں) پاکستان تحریک انصاف نے اجتماعی طور پر استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکر قومی اسمبلی سے وقت مانگنےکیلئے خط لکھ دیا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے اپنے دستخط کیساتھ خط لکھ دیا ہے جس میں سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ استعفوں کی تصدیق کیلئے ہمیں بلائیں ، سپیکر نے ہمارے چند افراد کے استعفے منظور کئے تھے ۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرنے کیلئے ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا ، ہم نے استعفے دیئے مگر وہ الیکشن کمیشن کو نہیں پہنچائے گئے ، صرف چند چنیدہ ارکان کے استعفے منظور کئے گئے ،منتخب ارکان کے استعفوں کی منظوری کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا ، سپیکر قومی اسمبلی نے حکومتی ایما ءپر غیر قانونی فیصلہ کیا ، اب خط لکھ دیا ہے ، سپیکر چاہیں تو سب کو اجتماعی طور پر طلب کرلیں یا پھر علیٰحدہ علیٰحدہ کو بلا لیں ۔