افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر راشد خان نے ایشیا ءکپ کے سپر فور مرحلے میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایشیا ءکپ میں اب تک اچھے میچز رہے ہیں، اب سپر فور پر فوکس ہے اور کوشش ہے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز” سے گفتگو کرتے ہوئے راشد خان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، سپر فور مرحلے میں کوشش ہو گی کہ جو غلطیاں پہلے مرحلے میں کیں ان کو نہ دہرائیں۔ تمام ایشیائی ٹیموں نے ان کنڈیشنز میں بہت کھیلا ہوا ہے اس لیے افغانستان سمیت کوئی ٹیم یہاں انجان نہیں ہے کیونکہ کوئی ٹیم یورپ سے نہیں آئی سب کو یہاں کے موسم اور پچز کا پتہ ہے، اس لیے کسی کو یہاں مشکل نہیں ہے۔
لیگ سپنر نے کہا کہ ہم سب کی کوشش یہی ہے کہ تیاری اچھی ہو اور میدان میں اچھا کھیلیں، ہم بحیثیت ٹیم ایشیا ءکپ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ہماری بولنگ ہمیشہ سے اچھی رہی ہے، کنڈیشنز کے مطابق کھیلتے ہیں، فاسٹ بولر فضل حق فاروقی نے بھارتی لیگ میں اچھا پرفارم کیا، انہیں ایکسپوژر ملا اور انہوں نے جو معیار قائم کیا سب اس تک پہنچنا چاہتے ہیں۔
افغان اسپنر کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ فاسٹ بولنگ میں اٹیک کریں اور پھر مڈل میں سپنرز کے لیے تھوڑی آسانی ہوتی ہے۔