اینکر پرسن وسیم بادامی کا کہنا ہے کہ اس وقت اپوزیشن کی کوشش ہے کہ ایم کیو ایم معاہدے کے حوالے سے میڈیا پر آکر اعلان کردے لیکن ایم کیو ایم رہنما تھوڑا وقت حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وسیم بادامی نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدہ طے پانے کی خبر میڈیا کو دی گئی اور صحافیوں کو پارلیمنٹ لاجز میں بلایا گیا۔ متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کی خواہش ہے کہ میڈیا کے سامنے اناؤنس کردیا جائے تاکہ واپسی کا راستہ نہ رہے، ایم کیو ایم کی خواہش ہے کہ وہ تھوڑا سا وقت لے لیں، اسی معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپوزیشن کے مرکزی رہنما موقع پر پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا زیادہ جھکاؤ پیپلز پارٹی کی طرف ہے، ایم کیو ایم شہری سندھ کی جماعت ہے جہاں ان کی مد مقابل پیپلز پارٹی نہیں بلکہ پی ٹی آئی ہے، پہلے جو نشستیں ایم کیو ایم کے پاس تھیں اب وہ پی ٹی آئی کے پاس ہیں۔