نئی دہلی کورونا وائرس کی وباءکے باعث لگنے والے لاک ڈاﺅن کے دوران اپنے ورکرز کو ہوائی جہاز کے ذریعے گھر بھیجنے والے نئی دہلی کے کسان نے خودکشی کر لی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق پپن سنگھ گہلوٹ نامی اس کسان کا نام 2020ءمیں اس وقت میڈیا کی شہ سرخیوں میں آیا جب اس نے اپنے مشرومز کے فارم پر کام کرنے والے 20بہاری ورکرز کو ان کے گھر پہنچانے کے لیے 70ہزار روپے خرچ کرکے انہیں فضائی ٹکٹ دیئے کیونکہ اس وقت لاک ڈاﺅن کی وجہ سے فضائی سفر کے علاوہ کوئی اور سفر ممکن نہ تھا۔
گہلوٹ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مضافات میں واقع گاﺅں تیگی پور کا رہائشی تھا جہاں گزشتہ روز اس کے گھر سے اس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ متوفی کی لاش کے قریب سے ایک خط بھی ملا ہے جس میں اس نے اپنی خودکشی کی وجہ بیان کر رکھی تھی۔ اس خط میں گہلوٹ نے اپنی بیماری کو خودکشی کی وجہ قرار دیا اور لکھا کہ وہ اس بیماری سے تنگ آ چکا ہے اور اب مزید زندہ نہیں رہنا چاہتا۔
رپورٹ کے مطابق گہلوٹ اپنے فارم پر مشرومز اگاتا تھا۔ اس نے مشرومز کا سیزن ختم ہونے پر نہ صرف اپنے 20ورکرز کو فضائی ٹکٹ دے ریاست بہار میں ان کے گھروں تک پہنچایا بلکہ مشرومز کا اگلا سیزن شروع ہونے پر مزید ایک لاکھ روپے خرچ کرکے انہیں دوبارہ فضائی ٹکٹ بھجوائے، جن پر سفر کرکے سب ورکرز فارم پر پہنچے اور مشرومز کی اگلی فصل کاشت کی گئی۔