پاکستان میں کاریں موڈیفائی کرنے کے شوقین اگرچہ محدود تعداد میں ہیں، پھر بھی گاہے سڑکوں پر ایسی خوبصورتی سے موڈیفائی کی ہوئی گاڑیاں نظر آ جاتی ہیں کہ جی خوش ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں جو کاریں سب سے زیادہ موڈیفائی کی جاتی ہیں، نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ نے ان کی ایک فہرست ترتیب دی ہے اور یہی وہ گاڑیاں ہیں جو تبدیل شدہ حالت میں سب سے زیادہ سڑکوں پر نظر آتی ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق سب سے زیادہ موڈیفائی کی جانے والی کار سوزوکی مہران ہے۔ اس گاڑی کو لیمبرگنی سٹائل سے سیزر ڈورز اور سلیمڈ سسپنشن تک موڈیفائی کیا جاتا ہے اور ان ڈیزائنز میں موڈیفائی کی ہوئی مہران گاڑیاں ہم سڑکوں پر دیکھ چکے ہیں۔
ووکس ویگن بیٹل(ٹائپ ون)جو پاکستان میں فوکسی کے نام سے شہرت رکھتی ہے،اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعدٹویوٹا لینڈ کروزر، ڈائی ہاٹسو شیراڈ تھرڈ جنریشن، نسان سنی، متسوبشی لانسر، ہنڈا اکارڈ، ہنڈا سوک، ٹویوٹا مارک II، ٹویوٹا کرولا کے مختلف ماڈلزبالخصوص ای 60، ای 86 اور ای 100، آسٹن منی اور ٹویوٹا مارک ایکس اس فہرست میں شامل ہیں، جنہیں پاکستانی سب سے زیادہ موڈیفائی کرتے ہیں۔