واشنگٹن ٹوئٹر کے سابق سیکیورٹی چیف پیٹر زاٹکو جنہیں “مج” کے نام سے جانا جاتا ہے، نے امریکہ کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں وسل بلوئر رپورٹ فائل کی ہے جس میں دعویٰ کیا ہے کہ ٹوئٹر کی نہ صرف سیکیورٹی پالیسی انتہائی کمزور ہے بلکہ وہ اسے درست کرنے کی بھی کوئی کوشش نہیں کر رہے۔ خیال رہے کہ کچھ مہینے پہلے ٹوئٹر نے مج کو نوکری سے نکال دیا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق مج کی رپورٹ میں ٹوئٹر کے ڈیٹا سیفٹی اور سیکیورٹی پریکٹسز کے حوالے سے بات کی گئی ہے تاہم اس میں انڈین حکومت کے حوالے سے سنگین الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کچھ برس پہلے بھارتی حکومت کے دباؤ پر ٹوئٹر نے بھارتی حکومت کے ایک ایجنٹ کو کمپنی میں بھرتی کیا اور اس کو صارفین کے ڈیٹا تک مکمل رسائی دی۔ یہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب بھارت میں شدید احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری تھا۔