فیصل آباد کے پارک میں بیٹھے لڑکی لڑکے سے نکاح نامہ طلب کرنا پولیس کے چار اہلکاروں کو مہنگا پڑ گیا ، سی پی او نے چاروں اہلکاروں کو برخاست کر دیا۔
فیصل آباد پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر کہا گیا کہ کچھ عرصہ قبل چار پولیس اہلکاروں کی جانب سے جڑانوالہ پارک میں شہری سے نکاح نامہ کا مطالبہ ، ہراساں کرنے اور بعد ازاں انکوائری میں گنہگار ثابت ہونے پر سٹی پولیس آفیسر ( سی پی او) فیصل آباد نے چاروں اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا۔
فیصل آباد پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سی پی او نے حکم دیا ہے کہ آئندہ شہریوں سے نکاح ناموں کا مطالبہ ، نجی زندگی میں مداخلت کر کے انہیں ہراسا کرنا ممنوع ہے ، لہذا حکم ہذا کی خلاف ورزی پر سخت محکمانہ ایکشن لیتے ہوئے ایسے فعل کے مرتکب عناصر کو محکمہ سے برخاست کیا جائے گا۔