بیجنگ چین کی کار ساز کمپنی ’گریٹ وال موٹرز‘ (جی ڈبلیو ایم)نے منصوبہ بندی کررکھی ہے کہ 2030ءتک وہ اپنی فیول سے چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار مکمل ختم کر دے گی۔ اسی منصوبہ بندی کے تحت کمپنی نے چین میں اپنی ہیول (Haval) ایچ 6ہائبرڈ گاڑی متعارف کروا دی ہے۔ یہ گاڑی ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی، ٹویوٹا آر اے وی4ہائبرڈ اور ہنڈا سی آر وی کے مقابلے میں مارکیٹ میں لائی گئی ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ہیول میںٹربو چارجڈ 1.5لیٹر 4سلنڈر پٹرول انجن نصب کیا گیا ہے جو 167ہارس پاور اور 285نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ تاہم یہ انجن الیکٹرک موٹر کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر 240ہارس پاور اور 530نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔یہ طاقت 2سپیڈ ڈیڈیکیٹڈ ہائبرڈ ٹرانسمیشن (ڈی ایچ ٹی)کے ذریعے وہیلز تک منتقل ہوتی ہے۔
کمپنی کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس گاڑی کے بنیادی ماڈل میں ’الیکٹرک اونلی رینج‘ 55کلومیٹر ہے جبکہ گاڑی کے ٹاپ ورژن میں یہ 110کلومیٹر ہے۔ گاڑی کے پی ایچ ای وی ویریئنٹ میں 41.1کلوواٹ لیتھیم آئن بیٹری پیک دیا گیا ہے۔
گاڑی میں 6ایئربیگ، 360ڈگری کیمرا، ٹریکشن اینڈ سٹیبلٹی کنٹرول، ہل سٹارٹ اسسٹ اینڈ ڈیسنٹ کنٹرول، ٹائرپریشر مانیٹرنگ سسٹم، ایکسیڈنٹ وارننگ، آٹونومس بریکنگ، اڈاپٹو کروز کنٹرول، وائرلیس چارجنگ، کلائمیٹ کنٹرول اور دیگر متعدد فیچرز مہیا کیے گئے ہیں۔ اس گاڑی کے ایچ 6ایچ ای وی اور پی ایچ ای وی ماڈلز کی قیمت بالترتیب 48لاکھ روپے اور 54لاکھ روپے ہے۔